اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پریس کانفرنس کے دوران احتجاج کرنیوالی خیبر پختونخوا کی ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر عذر اآفتاب آفریدی کی صوبائی وزیر تعلیم اورمحکمہ تعلیم کے افسران کے خلاف شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیرتعلیم خیبرپختونخوا عاطف خان کو ٹیلی فون کیا اور معاملے کی مکمل چھان بین کر کے معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو بنی گالہ میں عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر عذرا آفریدی نے احتجاج کیا کہ انہوں نے خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم میں کرپشن اور گھوسٹ سکولز وملازمین کی نشاندہی کی تو انہیں محکمہ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے ہراساں، ڈرایا دھمکایا گیا اور ان کا ٹرانسفر کر دیا گیا ،اس لئے ان کو انصاف فراہم کیاجائے ۔ اس پر عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے وزیر تعلیم عاطف خان کو ٹیلی فون کیا اور معاملے کی مکمل چھان بین کرنے کی ہدایت کر دی ۔ عمران خان نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کوبھی خاتون سے ملاقات کرنے اور عذراآفریدی سے کہا کہ وہ اپنی شکایات ثبوتوں کے ساتھ تحریری طورپر جمع کرائیں جس پر خاتون نے تحریری شکایات بھیجنے اور دستاویزی شواہد ارسال کرنے کی بھی ذمہ داری لے لی ۔