کراچی (این این آئی) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ آج ذیقعدہ کا چاند نظر نہیں آیا،لہٰذا یکم ذیقعدہ1437ھ جمعہ 5اگست 2016 ء کو ہوگی ۔دریں اثناآج مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس میٹ کمپلیکس، محکمۂ موسمیات، موسمیات چورنگی ،گلسانِ جوہر، کراچی میں منعقد ہوا،اجلاس میں مولانا عبدالمالک بروہی ،مولانا محمداسد دیوبندی ، مولاناحافظ محمد سلفی ، مولانا نذیراحمد نعیمی ،مولانا صابر نورانی ، مولانا فیروزالدین رحمانی نے شرکت کی ۔ محکمۂ موسمیات کے چیف میٹریالوجسٹ عبدالرشید سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے فنی معاونت کی اور اجلاس کا اہتمام کیا۔پاکستان بھر میں اکثر مقامات پر مطلع صاف تھا اور بعض مقامات پر ابر آلو دتھا ،تاہم پاکستان بھر سے کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ،لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ ذیقعدہ1437 ھ کا چاند نظرنہیں آیا اور یکم ذیقعدہ جمعہ 5اگست2016 ء کو ہوگی۔