اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی سے پاکستان میںآذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اموراور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی معاملات سے متعلق دونوں ملکوں کے یکساں نقطہ نظر پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اس موقع پر افرادی قوت کی برآمد سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ افرادی قوت کی درآمد کے لئے معاہدہ کرنے کی خواہشمند ہے جسے وفاقی وزیر سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل نے سراہا۔ انہوں نے ایک دوسرے کے ممالک سے استفادہ کرنے کے لئے اصولی طور پر افرادی قوت کی برآمد کے لئے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔