اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ( ض) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہاہے کہ صوبہ پنجاب میں بھی آپریشن کی ضرورت ہے تو رینجر بلائی جاسکتی ہے اس میں کوئی حرج نہیں ٗسعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے معاملے پر حکومت کو سفارتی ذرائع سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ٗبدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رینجر کے اختیارات کو صرف کراچی کی حد تک محدود کرنا درست نہیں اختیارات کامعاملہ سندھ حکومت تمام فریقین کے ساتھ مل بیٹھ کر حل کرے ۔ وفاق کو اس حوالے سے اقدامات کرنا چاہئیں اگر سندھ میں رینجر کے اپریشن سے امن قائم ہوتا ہے تو رینجر کے اختیارات میں توسیع ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر صوبہ پنجاب میں بھی آپریشن کی ضرورت ہے تو رینجر بلائی جاسکتی ہے اس میں کوئی حرج نہیں ۔ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہاکہ حکومت سفارتی ذرائع سے اقدامات کرکے پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپسی کیلئے فوری اقدامات کرے۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ سندھ حکو مت کو رینجر کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے تمام فریقین کے ساتھ باہمی مشاورت سے مسئلہ کا حل نکالنا ہو گا ۔