فیصل آباد (این این آئی)تحریک انصاف فیصل آباد کے سابق صدر رانا احمد راحیل منہاس نے پارٹی کو خیر آباد کہہ دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوکل نواز شریف اور آصف علی زرداری کا ساتھی ہونے پر شیطان ٹھہرائے گئے انہیں آج عمران خان کے ساتھ ہونے پر مقدس روحوں کی شکل میں قبول نہیں کیا جاسکتا۔ بنی گالہ کے دروازے اہل دانش کیلئے بند کر دیئے ہیں، تحریک انصاف پیسے والوں کی جماعت بن چکی ہے ، عمران خان چھوٹے چھوٹے ڈانز کے ذریعے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔20 سال سے تحریک انصاف کا سپاہی تھا لیکن آج پتا چلا جس شخص کیساتھ رہا اس کا چہرہ دوہرا ہے ۔ عمران خان پارٹی ورکرز اور پاکستانی عوام کیساتھ بھی مخلص نہیں رہے ۔