کراچی (این این آئی) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ دور کے8 وزراء سندھ کابینہ سے آؤٹ ہونے پر سندھ کے بڑے سیاسی خاندانوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ دوسرے مرحلے میں جگہ بنانے کیلئے اہم شخصیات نے دبئی میں ڈیرے ڈالنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ نئی سندھ کابینہ کے پہلے مرحلے میں قائم علی شاہ دور کے 8 وزراء آؤٹ ہونے پر پیپلز پارٹی میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ منظور وسان، ناصر حسین شاہ، علی نواز مہر، علی مردان شاہ، ممتاز حسین جاکھرانی، گیان چند اسرانی، طارق مسعود آرائیں، شرمیلا فاروقی، قیوم سومرو نئی کابینہ سے آؤٹ ہونے والے سندھ کے اہم ترین سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور قائم علی شاہ کابینہ کا حصہ تھے۔ صوبائی کابینہ میں نمائندگی نہ ملنے پر یہ طاقتور خاندان اب پریشانی کا شکار ہیں اور اگلی سیاسی چال چلنے کو پر تول رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ جلد کابینہ کے دوسرے مرحلے کی تشکیل شروع کردیں گے۔ نئی کابینہ میں شمولیت کے لئے بڑے سیاسی خاندانوں نے دبئی میں ڈیرے ڈالنے اور سابق صدر آصف علی زرداری سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔