لاہور/جہلم(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی نژادبرطانوی خاتون سامعہ کے پراسرار قتل کیس کی تفتیش کرنے والی ٹیم کو تبدیل کردیا گیا ،آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کیس میں پیشرفت نہ ہونے پر ڈی آئی جی ابوبکرخدا بخش کی سربراہی میں نئی تفتیشی ٹیم تشکیل دیدی ہے جس نے کیس کی از سر نو تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، ٹیم میں ڈی آئی جی خدا بخش کے ساتھ ایس پی بشیر چیمہ بھی شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ سامعہ کے پر اسرار قتل کی تفتیش کیلئے دواے ایس آئیز پر مشتمل نئی ٹیم میڈیکو لیگل اور پوسٹمارٹم رپورٹس کے شواہد کی تصدیق کرے گی، نئی تحقیقاتی ٹیم نے سامعہ کیس کا تمام ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا ہے جبکہ اس ضمن میں سامعہ کے پاکستان میں ٹیلی فون کی تمام تفصیل بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔ایس پی بشیر چیمہ مقتولہ سامعہ کے والدین اور دوست عنبرین کا دوبارہ بیان لیں گے جبکہ کیس کے سابقہ تفتیشی افسر اور ایس ایچ او کے بیانات بھی قلمبند ہوں گے۔ اس کے علاوہ کیس میں ڈی ایس پی شاہد صدیق کے کردار پر بھی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔