لاہور ( این این آئی) پابندی کے باوجود دوران پرواز جہاز کے واش روم میں چھپ کر سگریٹ پینے والے مسافر کو عملے نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، مسافر کی قطر ایئرلائن عملے سے تلخ کلامی، معانی مانگنے پر جان چھوٹی ۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں ملازمت کرنے والا کامونکی کا 26سالہ رہائشی اویس مصطفی قطر ایئر لائنز کی پرواز کے ذریعے براستہ دوحہ، سعودی عرب سے لاہور پہنچا۔ ایئر لائنز عملے کے مطابق جیسے ہی طیارے نے رن وے پر لینڈ کیا تو اویس مصطفی اپنی سیٹ سے اٹھ کر طیارے کے واش روم میں گھس گیا جہاں اس نے چوری چھپے سگریٹ پینا شروع کر دیا تاہم دھواں بھر جانے پر جہاز کے عملے کو واقعے کا علم ہو گیا جنہوں نے منع کرنے کی کوشش کی تو مسافر اویس مصطفی نے فضائی میزبانوں سے تلخ کلامی شروع کر دی جس کے بعد سکیورٹی طلب کر کے مسافر کو حراست میں لے کر جہاز سے نیچے اتارا گیا۔بعد ازاں مسافر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے فضائی میزبانوں سمیت ایئرپورٹ عملے سے معافی مانگ لی۔