اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے انٹرویو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف بیان بازی کرنے سے قبل اس سوال کا جواب دیں کہ اگر عمران خان طالبان کے حامی نہیں تو پھر خیبرپختونخواہ میں طالبان کو دفاتر کھولنے کی اجازت کیوں دی تھی؟ انہوں نے کہا کہ جامیعہ حقانی اکوڑہ خٹک کو 30کروڑ روپے کی امداد بہت سارے سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں یہ یاد نہیں رہتا کہ کل انہوں نے کیا کہا تھا۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اپنے صوبے میں بری طرز حکمرانی کی شکایت کر رہے ہیں مگر ان کی شکایت سنی نہیں جاتی۔