اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خطہ کی صورتحال‘ آپریشن ضرب عضب سمیت دیگر ایشوز پر وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی سفارت کار سرگرم‘ امریکی اور جاپانی سفارت کاروں کی جمعیت علماءاسلام (ف) اور متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو یہاں امریکی سفارتخانہ کے سیکنڈ سیکرٹری پولیٹیکل ڈیوڈ انتونیو نے اپنی ہم منصب پولیٹیکل سیکرٹری سٹیفنی واڈارڈ کے ہمراہ پارلیمانی لاجز میں جے یو آئی (ف) کی اقلیتی رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال‘ اقلیتوں کے معاملات اور خاص طور پر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے 21 ویں آئینی ترمیم پر جے یو آئی کے تحفظات پر گفتگو ہوئی۔ آسیہ ناصر نے مختلف ایشوز پر جے یو آئی (ف) کے موقف بارے امریکی سفارتکاروں کو آگاہ کیا۔ دریں اثناءاسلام آباد میں جاپانی سفارتخانہ کی ریسرچ ایڈوائزر منوتکاﺅ ماراہیرو نے قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل سے ملاقات کی جس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال‘ سندھ میں پی پی پی سے معاملات سمیت کئی اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔