لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیا۔ شہریوں نے اپنی فیملیز کے ساتھ موسم انجوائے کرنے کے لئے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز صبح سے ہی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاریرہا جس کے باعث موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔ شہر کے کچھ علاقوں میں بارش کی بجائے دھوپ چھاؤں کا کھیل جاری رہا البتہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی وجہ سے کئی روز سے جاری گرمی کی شدت کا زور ٹوٹ گیا۔ شہری اپنی فیملیز کو لے کر موسم کی خوشگواری سے لطف اندوز ہونے کے لئے تفریحی مقامات خصوصاً جیلانی پارک، مینار پاکستان، لارنس گارڈن نکل آئے جبکہ اپنے بچوں کے دل بہلاؤے کے لئے چڑیا گھر پہنچ گئے۔تفریحی مقامات اور چڑیا گھر پر لوگوں کا کافی رش دیکھنے میں آیا محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔