اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران اسلام آباد، پنجاب، فاٹا، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقامات پر مزید مون سون بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران گلگت بلتستان، سندھ اور مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر بھی بارش ہو سکتی ہے۔ موسلادھار بارشوں کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ نگ کا خدشہ ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، فاٹا اورکشمیرمیں اکثر مقامات پرجبکہ جنوبی پنجاب کے علاوہ ڈی آئی خان، بنوں، ژوب، قلات ، میر پور خاص ڈویژن اورگلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواءؤں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش اور سندھ و مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی بوندا باندی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہا۔ تاہم کشمیرمیں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مکران اور میر پور خاص ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش مری میں45 ملی میٹر، چکوال18، جہلم12۔ کاکول38، چراٹ4، مالم جبہ3، راولاکوٹ25، گڑھی دوپٹہ5، مظفر آباد 4، کوٹلی ایک، مٹھی4 اور پنجگورمیں 2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔