کراچی(این این آئی)سندھ کے سینئر وزیرتعلیم نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ صدر پارکنگ پلازہ واقع کو رینجرز اختیارات سے نہ جوڑا جائے، رینجرز کے پاس اختیارات تھے تب بھی کراچی میں دہشت گردی کے بڑے واقعات ہوتے رہے ہیں۔منگل کو سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑونے کہاکہ خواجہ اظہارالحسن ہمارے ساتھی ہیں انکے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزراتوں کی تبدیلی کا فیصلہ کچھ بھی ہوسکتا ہے اسے قبول کریں گے اور نئے وزریرداخلہ جو کوئی بھی آئے امن و امان ترجیحات میں شامل ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ پلازہ میں دہشت گردی کے واقع کو رینجرز اختیارات سے نہ جوڑا جائے کیونکہ رینجرز کے پاس اختیارات تھے تب بھی واقعات ہوتے رہے ہیں۔سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کی رائے شماری کے متعلق پوچھے گئے سوال پر نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تمام اراکین سندھ اسمبلی ملک میں آئیں گے ۔انہوں نے کہاکہ سید قائم علی شاہ پارٹی کے سینئر ہیں تمام فیصلے مشاورت سے کئے گئے ہیں۔