مریدکے(این این آئی )وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے بھارت اگر جنگ چاہتا ہے تو پاکستان اس کیلئے تیار ہے پہلے بھی بھارت کو منہ کی کھانا پڑی تھی اب بھی کھان پڑے گی ۔ مسلم لیگ (ن )کے ضلعی نائب صدر خضر ریحان اور لائرز فورم کے صدر اورنگزیب ریحان ایڈووکیٹ کے ہمراہ چیئرمین یونین کونسل چودھری ارشد ورک کے ڈیرہ پر انکے چچا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کشمیر کشمیریوں کا ہے بھارت جتنی مرضی فوج لے آئے اور ظلم کر لے کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے نہیں روک سکتا پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی مدد کرتا تھا اور کرتا رہے گا ۔انہوں نے کہا دنیا جان چکی ہے بھارت کی حرکتوں کی وجہ سے خطہ کی صورتحال خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے بھارتی حکومت جہاں جنگی جنون میں مبتلا ہے وہاں اقلیتوں پر ظلم کے پہاڑ بھی توڑ رہا ہے دنیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور بھارت خونی چہرہ کی مذمت کرنا ہوگی وگرنہ تاریخ معاف نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا بھارت جنگ کی باتیں کرنے کی بجائے بھوک سے مرتی اپنی عوام کی حالت کی طرف توجہ دے اور اقلیتوں پر ظلم بند کرے کشمیر کی عوام کی حالت کی طرف توجہ دے اور اقلیتوں پر ظلم بند کرے کشمیر کی عوام کو اسکا حق دے اگر بھارت یہ سمجھے کہ پاکستان اسکی جنگ کی دھمکیوں سے ڈر جائیگا تو اسکی پہلی اور آخری بھول ہو گی پاکستان کی 18 کروڑ عوام فوج کیساتھ ہے حکومت ملک کے دفاع کیلئے تیار ہے ۔انہو ں نے کہاکہ بھارت نے اگر چھوٹی سی بھی شرارت کی تو اسے اسکی بھاری قیمت چکانا پڑیگی کیونکہ یہ جنگ اگر ہوئی تو بھارت کو عبرت کا نشان بنا دینگے پاکستان ہمسائیوں سے اچھا تعلق کا ہمیشہ خواہاں رہا ہے یہی وجہ ہے کہ دوستی کا ہاتھ بھی پاکستان کی طرف سے بڑھتا ہے اس دوستی کے ہاتھ کو ہماری بزدلی سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔