کراچی ( آن لائن) محکمہ تعلیم سندھ کی ہدایت پرموسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر کے نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے آج پیر سے کھل جائیں گے جبکہ بعض نجی تعلیمی ادارے2اگست سے ہی کھلیں گے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام تعلیمی ادارے آج پیر کو کھل رہے ہیں یہ پہلا موقع ہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث موسم گرما کی تعطیلات جون اور جولائی کے بجائے 20مئی2016سے کرنے کا اعلان کر دیا تھا جس کے باعث پرائیوٹ اسکولز کی نمائندگی کرنے والے ایک گروپ نے محکمہ تعلیم کے اس فیصلے کو سراہا جبکہ دوسرے گروپ نے قبل ازوقت تعطیلات کی شدیدمخالفت کی تھی لیکن سرکاری اسکولوں میں محکمہ تعلیم کے اعلان کے مطابق بھی موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز کر دیا گیا تھا موسم گرما کی دو ماہ کی تعطیلات ختم کرنے کے بعد آج25جولائی سے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھل جائیں گے ۔محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں گرمیوں کی شدت کمی ہوگئی ہے اور مون سون کی بارشوں کا بھی کوئی امکان نہیں ہے، دوسری جانب سندھ میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے معاملے پر محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی کا معاملہ محکمہ تعلیم کا نہیں محکمہ داخلہ کا ہے اس لئے اس حوالے سے محکمہ داخلہ ہی سیکیورٹی پلان مرتب کرنے کے بعد عملدرآمد کرائے گا ۔حیرت انگیز امر یہ ہے کہ سندھ کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہو چکی ہے مگر محکمہ تعلیم سندھ کے سیکریٹری تعلیم چھٹٰو ں پر بیرون ملک چلے گئے ہیں۔