پشاور(این این آئی)وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس اور کرپشن کے خلاف تحریک انصاف پورے ملک کی سطح پر بھر پور احتجاج کرے گی اور سات اگست کو اٹک سے پشاور تک پانامہ لیکس کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں گے۔مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف نے ایک چھوٹی سے بات کو بہت بڑا مسئلہ بنادیا ہے۔ نواز شریف یہ کیوں نہیں بتاتے کہ یہ فلیٹس انہوں نے کہاں سے خریدے اور رقم کہاں سے آئی۔ اگر مجھ سے کوئی پوچھے کہ میری جائیداد کہاں سے آئی تواس کا حساب کتاب دینا میری ذمہ داری ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کوبااختیار بنانے کے لیے پولیس آرڈر 2016 ایکٹ کو بہت جلد اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کریں گے پولیس میں چیک اینڈ بیلنس کے نظام کے ساتھ ساتھ ضلعی ناظمین کو اے سی آر لکھنے کا اختیار دے دیا ہے اور پولیس کمپلینٹ اینڈ پبلک سیفٹی کمیشن کوبھی بااختیار بنادیا ہے۔ ہم زبانی کلامی باتوں پر یقین نہیں رکھتے،ہم نے عمل سے ثابت کردیاہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اداروں کی بحالی، کرپشن، کمیشن کے خاتمے، تھانہ اورپٹوار کلچر کو عوام کے تابع بنانے، تعلیم ،صحت اوربنیادی سہولیات کی فراہمی میں بڑی حدتک کامیاب ہوچکی ہے اور عوام کے تعاون سے مزید کامیابیاں بھی حاصل کریں گے وہ آرمر کالونی نمبر د وحکیم آبادمیں جنرل کونسلرذیشان اوراس کے درجنوں ساتھیوں کی مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر بڑے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر منیر احمد اور حیدر چچا نے علاقے کے مسائل بیان کیے۔ وزیر اعلیٰ نے نئے شامل ہونے والوں کوپی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائیں جبکہ اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، ویلج ناظم ارشد خان، تحصیل ناظم رضا اللہ خان، تحصیل نائب ناظم زرعالم خان،ضلعی کونسلر اسرار الدین اور احد خٹک نے بھی خطاب کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ سات اگست کو پانامہ لیکس اور کرپشن کے خلاف بھر پور قوت کا مظاہر ہ کریں گے اورریلی میں پورا ریجن شریک ہوگا۔ ا نہوں نے کہا کہ کور کمیٹی میں تمام فیصلے ہوچکے ہیں۔ اب صرف اعلان باقی ہے۔ عین ممکن ہے کہ پانامہ لیکس کے خلاف تحریک کاآغاز اٹک سے پشاور تک احتجاجی ریلی کی شکل میں ہوگا۔انہوں نے خیبرپختونخوا کے غیور عوام اور پی ٹی آئی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ بھر پور طریقے سے ریلی میں شرکت کریں اور ثابت کریں کہ پوری قوم کرپشن کی دشمن ہے کیونکہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان کمزور ہورہاہے اور پاکستان کے غریب عوام متاثر ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کوجڑ سے نکالنا پی ٹی آئی کے منشور کاحصہ ہے۔ اوریہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کرپشن کے خلاف پہلے دن سے جہا د کررہے ہیں ۔افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جولو گ اس ملک کے حکمران بنیں انھوں نے اپنی تجوریاں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ان کو غریب عوام سے کوئی سرو کار نہیں۔ اور یہی وجہ ہے کہ آج سکولوں ہسپتالوں سرکاری محکمے تباہی سے دو چار ہیں انھوں نے کہا کہ ہمیں ورثے میں تباہ حال معیشت ،تباہ حال ادارے اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، خراب انفراسٹرکچرملا ۔ہم نے پہلے دن سے اداروں کی بحالی کاکام شروع کیا ،اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کرنے اور ایسا نظام رائج کرنے کی داغ بیل ڈالی جس میں غریب عوام کوان حق ان کی دہلیز پر مل سکے اوراس کے لیے نہ صرف ہمیں بڑے محنت کرنا پڑی بلکہ بیورو کریسی نے بھی ہماری راہ میں رکاوٹیں ڈالیں لیکن ہم نے ہا رنہیں مانی اور سب کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ڈٹے رہے۔ کیونکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران اور میری اولین ترجیح غریب عوام ہیں۔ انہی غریبوں ورکرز کے ووٹوں سے ہم اقتدار میں آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ پہلی صوبائی حکومت ہے جو تیس فیصد ترقیاتی فنڈ33ارب روپے لوکل گورنمنٹ کو دے رہے ہیں،ہم نے صوبے میں عوامی نمائندں کو بااختیار کردیا ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ معلوم نہیں احتساب ایکٹ پر لوگوں کو کیوں اعتراض ہے احتساب ایکٹ ہم نے اپوزیشن کے ساتھ ملکر بنایا ہے۔ اب اس ایکٹ میں ہم جو تبدیلی لارہے ہیں ہمارے ساتھ ملکراس میں جائنٹ اپوزیشن بھی ہے ۔ اب احتساب کمیشن کومزید بااختیار بنانے کے لیے گرینڈ اپوزیشن کے ساتھ ملکر ترامیم لارہے ہیں۔اور ہم ان ترامیم پر مشترکہ طور پر متفق بھی ہوگئے ہیں۔ترامیم آئندہ اجلاس میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں لوگ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں جس کی وجہ سے مخالفین ذہنی دباؤ کاشکار ہیں کیونکہ عوام کو معلوم ہے کہ تحریک انصاف ہی اس صوبے کی بہتر خدمت کرسکتی ہے ماضی میں سب نے صوبے کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور صوبے کی کوئی خدمت نہیں کی جس کا واضح ثبوت صوبے کا تباہ حال انفراسٹرکچر ہے جس میں ناقص میٹریل استعمال کیاگیا، تقرریوں اور تبادلوں کی قیمتیں وصول کیں جس کی وجہ سے نااہل لوگوں کوملازمتیں دی گئی ۔ تحریک انصاف نے میرٹ کی بنیاد ڈالی ۔ جس کی وجہ سے کچھ لوگوں کوتکلیف ہورہی ہے کیونکہ ان کوآئندہ مشکلات ہوں گی انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ حق کے لیے آواز اٹھائیں انھوں نے آرمر کالونی کے دیرینہ مسئلہ ریلوئے پھاٹک کے ساٹھ لاکھ روپے کی ریلوئے کو ادائیگی کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت کی جبکہ کالونی کی سڑک کے لیے ریلوے سے زمین لیز پر لینے اور سکولوں کی تعمیر سمیت تمام مطالبات تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ بے روزگاری صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور ہر کوئی ہم سے ملازمتیں مانگ رہا ہے۔ عوام کوروزگار دینے کے لیے صنعتی بستیاں قائم کررہے ہیں۔نوجوانوں کو تربیت فراہم کررہے ۔ نوجوان اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔