لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے تحریک انصاف کے حکومت مخالف تحریک کاتنہا اعلان کرنے کے بعداپوزیشن جماعتوں میں پیدا ہونے والی خلیج کو ختم کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کا فیصلہ کرلیا ،عوامی تحریک کے 31جولائی کو بلائے گئے تمام جماعتوں کے اجلاس کے بعدشجاعت حسین کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی طرف سے سات اگست سے حکومت مخالف تحریک کا اعلان کرنے پر پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے شدید تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے دو ، تین ماہ سے قریب آتی اپوزیشن جماعتوں کو متحد رکھنے کیلئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے اپنی سربراہی میں اجلاس بلانے کا عندیہ دیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ 31جولائی کو عوامی تحریک کے سیکرٹریٹ میں تمام جماعتوں کے اجلاس کے بعد چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے جس میں تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کوشش کیساتھ آئندہ کے لائحہ عمل بارے بھی گفتگو کی جائے گی ۔