اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے چینی حکومت کی جانب سے اربوں ڈالر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر عدم اعتماد کے افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین سی پیک منصوبے پر شفاف عملدرآمد سے مکمل مطمئن ہے اور منصوبے پر شفاف عملدرآمد ہو رہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چین منصوبے پر عملدرآمد کے رفتار سے پوری طرح مطمئن ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے پر انتہائی شفاف طریقے سے عملدرآمد ہو رہا ہے اور اس سے دونوں ملکوں کے عوام سمیت تمام خطے کو یکساں فائدہ ہو گا۔ چینی سفیر نے بیان ایسے وقت میں جار ی کیا ہے جب مقامی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی علالت اور شریف خاندان پر پانامہ لیکس کے الزامات کے بعد مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے سی پیک منصوبے کو پس پشت ڈال دیا ہے۔