کراچی (این این آئی) سندھ حکومت اور رینجرز کے درمیان قیام اور خصوصی اختیارات میں توسیع کے معاملے پر صورت حال کشیدہ ہونا شروع ہوگئی ہے، رینجرز نے کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ ختم کردی۔نالوں کی صفائی میں سندھ حکومت کی مدد کو بھی اختیارات سے بالاتر قرار دے دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق رینجرز کے قیام اور شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کیلئے دیئے گئے خصوصی اختیارات کی مدد ختم ہونے کے بعد رینجرز نے کراچی کے تینوں داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا سلسلہ ختم کردیا ہے اور فورس کو واپس ہیڈکوارٹرز طلب کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اختیارات اور قیام کی مدت میں توسیع نہ ہونے کی صورت میں اگلے مرحلے میں اہم شخصیات اور تنصیبات پر سیکورٹی کیلئے تعینات رینجرز اہلکاروں کو بھی واپس بلایا جاسکتا ہے۔رینجرز ذرائع نے وزیر بلدیات جام خان شورو نے کراچی میں نالوں کی صفائی کیلئے رینجرز سے مدد لینے سے بیان کو اختیارات سے بالاتر قرار دے دیا ہے، ذرائع کے مطابق یہ کام بھی رینجرز کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔دوسری جانب سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات کا معاملہ پارٹی قیادت ک فیصلے سے مشروط کردیا ہے اوروزیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مشاورت کے معاملے کو ایشو نہ بنایا جائے۔