اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے کھجور پیدا کرنے والے کاشتکاروں کی سہولت اورکھجور کو خشک کرنے کیلئے شمسی توانائی کی مدد سے چلنے والا سولر سسٹم تیارکیا ہے۔ یہ سسٹم کھجور کے پوسٹ ہارویسٹ نقصانات کو کم کرنے اور ان کے معیارکی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔ پی اے آر سی کے اعلامیہ کے مطابق شمسی توانائی سے چلنے والے کھجور خشک کرنے کے پانچ سسٹم خیرپور اورسکھر ریجنوں کے پنوعاقل ، پرائیلو، پیرجوگوٹھ ، تھیری اور حیات سولنگی علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں۔ ان جگہوں میں پی اے آرسی نے مقامی کاشتکاروں کی تربیت کے لئے بھی انتظامات کئے ہیں تاکہ مقامی افراد ان سسٹمز کو بآسانی چلا کر استفادہ کرسکیں جس سے کھجور کی مقامی پیداوار اور معیار میں اضافہ ہوگا۔ کاشتکار اس نظام سے دیگرپھلوں کوبھی خشک کرسکیں گے اور علاقے کے کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا جبکہ سولر سسٹم کے قیام سے قومی غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور غذاتی تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔