ملتان(آئی این پی)ملتان میں بھائی کے ہاتھوں قتل ہونیوالی ماڈل قندیل بلوچ نے چند روزقبل آئی این پی کو آخری انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھاکہ بعض لوگ روڑے اٹکارہے ہیں لیکن میرا سفر رکنے والا نہیں ہے۔مفتی عبدالقوی کی وجہ سے میرے کئیرئیر کوکافی نقصان پہنچا ہے لیکن میں نے مفتی صاحب کو معاف کردیا ہے۔قندیل بلوچ نے آئی این پی کو دئیے گئے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ بعض لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے میری راہ میں پتھراٹکارہے ہیں لیکن یہ ناکام ہوں گے۔مفتی صاحب کا معاملہ میں نے ختم کردیا ہے،یہ میری فیلڈ نہیں ہے ،مجھے اپنی فیلڈ میں رہنا اچھا ہے۔میں نے ابھی بہت آگے جانا ہے۔انڈین ٹی وی کے پروگرام بگ باس میں شرکت کیلئے درخواست مسترد نہیں ہوئی۔اس موقع پر انہوں نے اپنے نام کیساتھ بلوچ لگانے کے اعتراضات کا بھی جواب دیا تھا کہ ان کا تعلق بلوچ فیملی سے ہی ہے،مجھے کوئی اپنے نام کیساتھ بلوچ لگانے سے نہیں روک سکتا۔اس موقع پر انہوں نے وزارت داخلہ سے سکیورٹی کی بھی اپیل کی تھی۔یاد رہے مقتول ماڈل قندیل بلوچ کیخلاف ملتان کی عدالت میں ایک مقدمہ بھی زیرسماعت ہے۔