ملتان (این این آئی) قندیل بلوچ کے والد کے حیرت انگیزموقف نے کئی سوال کھڑے کردیئے،والد تمام واقعات تو بتارہے ہیں مگر قتل سے وہ ’’مبینہ طورپر‘‘ لاعلم رہے۔سوشل میڈیا سے شہرت پانے والی ماڈل قندیل بلوچ کا بھائی انہیں قتل کرنے کے بعد موبائل فون اور نقدی لے کر فرار ہو گیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق قندیل بلوچ کے والدین نے بتایاکہ قندیل بلوچ کو وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ قندیل بلوچ کے والدین نے پولیس کو اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ وسیم گزشتہ رات آٹھ بجے ڈی جی خان سے ملتان آیا تھا اور رات کو والدین کے ہمراہ گھر کی چھت پر سو گیا ٗ قندیل بلوچ گھر کے کمرے میں سوئی ہوئی تھی ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ وسیم رات تین بجے کے قریب چھت سے نیچے کمرے میں آیا اور قندیل بلوچ کا گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد بہن کا موبائل فون اور نقدی لیکر فرار ہو گیا۔انہوں نے کہاکہ صبح دس بجے تک جب قندیل بلوچ نہ جاگی تو انہوں نے کمرے میں جا کر دیکھا جہاں وہ مردہ حالت میں پڑی تھی جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔