اسلام آباد, عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی جانب سے کارکنوں کے قتل کی درخواست پر سیشن کورٹ نے وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب سمیت گیارہ افراد کے خلاف مقدمے کا اندراج کا حکم دے دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تین اگست کی رات کو کارکنوں کے قتل کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے دی گئی درخواست کی سماعت سیشن عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے کی ۔ درخواست کی سماعت کے دوران عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے د ونوں جماعتوں کے کارکنوں پر بہیمانہ تشدد کیا گیا جس سے تین افراد کی جان چلی گئی ۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اس قتل عام پر حکومت کے اعلی عہدیداروں پر مقدمہ درج کیا جائے ۔ سماعت کے بعد عدالت نے وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، آئی جی پنجاب ،سابق آئی جی اسلام آباد خالد خٹک اور آئی جی ریلوے سمیت گیارہ افراد کے خلاف قتل کے مقدمے کے اندراج کا حکم دے دیا ۔