پارا چنار (این این آئی)پاراچنار میں پی پی پی کرم ایجنسی اور سماجی رہنماء حامد طوری کو نا معلوم افراد نے گولی مار کر قتل کردیا حامد طوری کو قتل سے پہلے تشدد کا نشانہ بھی بنا یا گیا۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کرم ایجنسی کے صدر اور سماجی رہنما حامد حسین طوری کو رات نو بجے کسی کی کال موصول ہوئی جس پر وہ گاؤں سے پاراچنار شہر میں واقع اپنے کمرے میں آگئے اور اپنی گاڑی سڑک کے کنارے پارک کردی۔ صبح پیپلز پارٹی کے کارکن جب ان کے کمرے پر پہنچے تو حامد طوری اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پڑے تھے۔ نامعلوم افراد نے حامد طوری کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور ٹی ٹی پستول سے ان کے سر پہ گولی مار دی جس سے حامد طوری کی موت واقع ہوگئی۔ اسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ پاراچنار شاہد علی خان نے میڈیا کو بتایا کہ حامد طوری کے کمرے سے ٹی ٹی پستول کا ایک خول برآمد ہوگیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔حامد طوری کے گھر پر گزشتہ سال بھی قاتلانہ حملہ ہوا اور اس کے گھر پر راکٹ حملہ ہوا تھا تاہم وہ اس حملے میں بال بال بچ گے تھے۔ حامد طوری نے 2013 کے الیکشن میں حلقہ این اے 37 سے قومی اسمبلی کے امیدوار تھے جو بعد ازان ائر مارشل ریٹائرڈ سید قیصر حسین شاہ کے حق میں دست بردار ہوگئے ۔پاکستان پیپلز پارٹی ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن ، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن اور طوری بنگش قبائل نے حامد طوری کی قتل کی مذمت کی ہے۔ حامد طوری کو پاراچنار کے نواحی علاقے شبلان میں واقع اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائیگا۔