اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے علاقے حویلی میں اپنی جماعت کے کارکنوں پر عائد کئے گئے الزامات کو جھوٹ پر مبنی اوربے بنیاد قرار دیتے ہوئے علاقے میں فائرنگ کرنے اور سیاسی کارکنوں کے قتل کے واقعات کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا،سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنر ل راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے انتخابات میں کھلم کھلا مداخلت کر کے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر رہی ہے، آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت اور وفاقی وزراء پر عائد ہوتی ہے،مسلم لیگ(ن) کو اپنی شکست نظر آرہی ہے اور وہ اس لئے حالات خراب کررہے ہیں تاکہ انتخابات ملتوی ہوسکیں پرامن خطے کو میدان جنگ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی کو نواز شریف نے گھر بلایا اس پر کشمیری عوام سخت ناراض ہیں،نریندر مودی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ظلم ڈھا رہی ہے جبکہ ان کے دوست نواز شریف کی حکومت آزاد کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے۔پیر کو یہاں مساوات بلڈنگ میں پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ میں آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری یسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں وفاقی حکومت کھلم کھلا مداخلت کر رہی ہے،کہوٹہ کے علاقے حویلی میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر مسلم لیگ(ن) کے لوگوں نے گولیاں چلائیں اور اس کا الزام پیپلز پارٹی پر عائد کر دیا گیا،پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے گولی چلانے کا الزام بے بنیاد ہے،پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور ہم تشدد پر یقین نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور پیپلز پارٹی لازم وملزوم ہیں،مسلم لیگ (ن) کو آزادکشمیر میں اپنی شکست نظر آرہی ہے اور اس شکست سے خوفزدہ ہوکر کہوٹہ کے حلقہ کے انتخابات ملتوی کروانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ ہم پر کرپشن کا الزام لگاتی تھی،ہم پوچھتے ہیں کہ (ن) لیگ کیا کرپشن میں ملوث نہیں؟ آزاد کشمیر میں بدامنی،دھونس دھاندلی اور قتل و غارت کا بازار گرم کرکے سرحد پارکیا پیغام دیا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان بلا کر کھانا کھلا نے کے سوا کچھ نہیں کیا اور مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی کو نواز شریف نے گھر بلایا اس پر کشمیری عوام سخت ناراض ہیں،نریندر مودی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ظلم ڈھا رہی ہے جبکہ ان کے دوست نواز شریف کی حکومت آزاد کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے،آزاد کشمیر ایک پرامن خطہ ہے وہاں کے حالات کی تمام تر ذمہ داری وفاقی وزراء پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کا اس بات پر اتفاق تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات پرامن طریقے سے ہونے چاہیے لیکن ن لیگ نے اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حویلی میں ہونے والے واقع کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔