لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں کمی نا کرنے اور سیلز ٹیکس میں اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔ درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت ، اوگرا اور وزارت پٹرولیم کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد سے زائد سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا جا سکتا جبکہ حکومت قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 50 فیصد سے زائد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے قیمتیں نا بڑھانے سے متعلق بیان حقائق کے برعکس ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سیلز ٹیکس میں کیے گئے اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔