لاہور( این این آئی )احتساب عدالت نے پانچ کروڑ پچاس لاکھ روپے کے ڈیفنس کینال پراجیکٹ فراڈ کیس میں گرفتار بر یگیڈیئر (ر)عارف خان سمیت پانچ ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج نجم الحسن گیلانی نے کیس کی سماعت کی۔تمام ملزمان کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا ۔سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر نے آگاہ کیا کہ ملزم بریگیڈیئر (ر)عارف خان نے شریک ملزمان نجم عباس ،علی عباس،عاطف رشید اور،صہیب ارشد سے مل کر ڈیفنس کینال پراجیکٹ کے بینک اکاؤنٹ سے کھاتہ داروں کے پانچ کروڑ پچاس لاکھ روپے غیر قانونی طور پر نکلوائے ۔نیب کی طرف سے عدالت سے ملزمان کے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم عدالت نے پانچوں ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔