کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) مشہور قوال عزیز میاں کے صاحبزادے تبریز عزیز میاں قوال نے امجد صابری کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں امن کے قیام کیلئے انکو کردار ادا کرنا پڑے گان ہیں تو عوام اسی طرح مرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا۔ تبریز عزیز میاں قوال نے کہا کہ نصرت فتح علی خان، غلام فرید صابری اور عزیز میاں قوال کے بعد فن قوالی ختم ہوگیا تھا لیکن امجد صابری، راحت فتح علی ، شیر میانداد جیسے لوگوں نے فن قوالی کو زندہ کیا لیکن آج پھر قوالی کا ایک اور باب بند ہوگیاہے۔ امجد صابری نے جس کو بھائی کہا تو اس کو بھائی بن کر دکھایا اور جس کو دوست کہا تو اس پر بھی سب کچھ لٹادیا۔ اگر اس نے تین دن بھی لاہور میں رہنا ہوتا تھا تو میرے بغیر نہیں رہتا تھا امجد صابری جیسا اخلاق بہت کم فنکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امن کے سفیروں کو مارڈالا گیا ہے ارباب اختیار سے التجا ہے کہ امجد صابری کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔