کراچی(آئی این پی)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وں نے الزام لگایا ہے کہ امجد صابری کو خیابان سحر والا ٹولہ مسلسل دھمکیاں دے رہا تھا، ان کو حاضری کا بھی کہا گیا،انکار پر چار دن سے ان کو دھمکیاں مل رہی تھیں۔بدھ کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنماوں مصطفی عزیز آباد ی اور ندیم نصرت نے دعوی کیا ہے کہ معروف قوال امجد صابری کو پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کیلئے فون کیا گیا ۔ان کے انکار پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھمکیاں ان کو مسلسل دی جارہی تھیں جس کا اظہار انہوں نے خود کیا تھا ۔انہوں نے سوال کیا کہ کراچی آپریشن سے امن کیوں قائم نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ اس قتل کی تحقیقات سے عوام کو باخبر رکھا جائے۔دوسری طرف پاک سرزمین پارٹی کے رہنما افتخار عالم نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی سیاست تشدد اور لاشوں پر ہوتی ہے۔ الزام لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ہمارا کوئی پروگرام تھا ہی نہیں جس میں امجد صابری کو بلاتے۔ یہ لوگ کسی کی موت پر بھی اپنے مذموم مقاصد کیلئے سیاست کر رہے ہیں۔