اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ممنون حسین نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ حج سیزن کے دوران حجاج کیلئے ہر ممکن بہترین انتظامات کئے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حاجیوں کو اس سال حج کی ادائیگی کے دوران کوئی مشکل نہ ہو۔ وہ منگل کویہاں ایوان صدر میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ صدر نے وزیر مذہبی امور سے کہا کہ سعودی عرب میں حج کی ادائیگی کے دور ان حجاج کو مناسب رہائش، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں۔صدر مملکت نے کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ پی آئی اے حج سیزن کے دوران شیڈول پر حج پروازیں چلائے تاکہ حجاج کو سعودی عرب کے سفر کے دوران کوئی مشکل پیش نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور عازمین حج کی سعودی عرب روانگی سے قبل انہیں مناسک حج کے بارے میں مناسب رہنمائی اور آگاہی فراہم کرے تاکہ عازمین حج کو وہاں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ صدرممنو ن حسین نے وزیر مذہبی امور سے کہا کہ وہ ملک بھر میں برداشت، صبر، تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا کردار جاری رکھیں تاکہ ہماری صفوں میں اتحاد رہے اور ہم متحد ہو کر اجتماعی قومی ترقی حاصل کریں۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے صدر کو حج سیزن کے بارے میں انتظامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقدس فریضہ کی ادائیگی کے دوران حجاج کی سہولیات کیلئے تمام کوششیں کی جائیں گی۔