اسلام آباد (آن لائن) متحدہ عرب امارات کی کمپنی تعمیر ایل ایل سی پاکستان میں سستے گھروں کی تعمیر کیلئے 500 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تعمیر ایل ایل سی مشرق وسطیٰ میں پراپرٹی کے شعبہ میں کام کرنے والی ایک بڑی کمپنی ہے جس کا وفد پاکستان کے دورہ پر ہے تاکہ شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانا ت کاجائزہ لیا جاسکے۔پاکستان کا دورہ کرنے والے وفد نے ملک میں سستے اور چھوٹے گھروں کی تعمیر کیلئے پانچ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔ کمپنی آئندہ دو سال کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں چھوٹے اور سستے رہائشی یونٹس کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری کرے گی جس سے رہائش ضرورتوں کو پوراکرنے میں مدد حاصل ہو سکے۔