اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف کو اسمبلی اجلاس کے دوران نماز کا وقفہ کرانے کی کوشش کرنے پر جھاڑ پلا دی ، جس نے نماز پڑھنی ہے جا کر پڑھ آئے ، وقفہ سے کورم پورا نہیں ہو گا اور بحث مکمل نہیں ہو گی ، اسحاق ڈار کا سرداریوسف کو جواب ۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ظہر کی اذان کے بعد جب اسپیکر اسمبلی سردار ایاز صادق نے نماز کا وقفہ نہیں کیا تو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے اپنی نشست سے کھڑے ہو کر ان کو نماز کے وقفہ کرانے کی کوشش کی لیکن سپیکر نے اشاروں میں ان کو سمجھانے کی کوشش کی ۔ اس دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار سردار یوسف کی نشست کی طر ف آئے اور غصہ سے نا کو کہا کہ آپ ایسا کیوں کر رہے ہیں اگر وقفہ کیا تو کورم بعد میں پورا نہیں ہو گا جس نے نماز پڑھنی ہے وہ جا کر پڑھ آئے ۔ آپ بھی جا کر نماز پڑھ آئیں ۔ اسحاق ڈار کے اس جواب پر وزیر مذہبی امور مطمئن نظر نہیں آرہے تھے ۔ بعد ازاں سرداریوسف نماز کے لئے چلے گئے اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی نماز کے لئے چلے گئے۔