کوئٹہ /خضدار (این این آئی) بی ایس او کے سابق چیئرمین ، سابق وفاقی وزیر مملکت و معروف سیاستدان دانشور و ادیب اور مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر محمد ایوب جتک طویل علالت کے بعد منگل کے روز یہاں کوئٹہ کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔ میر محمد ایوب جتک بلوچ اسٹوڈ نٹس آرگنائزشن کے چیئرمین اوروہ بی این ایم سے بھی وابستہ رہے ۔ 1993میں خضدار سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئے اور وفاقی وزیر بنے ۔جب وہ وفاقی وزیر کے عہدے پر فائز رہے تو انہوں نے وسیع پیمانے پر تعلیمی ادارے مراکز صحت قائم کئے نوجوانوں کور وزگار دیئے ۔ جھالاوان کی سطح پر بطور ایم این اے فلاحی کاموں کے حوالے سے ان کا دور ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے ۔ جس کے بعد وہ نیشنل پارٹی پارلیمنٹرین اور اس کے بعد وہ مسلم لیگ (ن) سے وابستہ رہے ۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے گزشتہ روز طویل علالت کے بعد کوئٹہ کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔ان کی جسد خاکی کوئٹہ سے خضدار کی تحصیل زہری لائی گئی جہاں مشک کے علاقے میں ان کی تدفین کردی گئی ۔ نماز جنازہ میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔