اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی جاوید اخلاص نے مسلم لیگ (ن) کے اندر فارورڈ بلاک کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ 2016-17ء میں اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں میں نئے ترقیاتی منصوبے بھی رکھے جائیں گے۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ نے اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی ہے اور بجٹ 2016-17ء میں اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں میں نئے ترقیاتی منصوبے بھی رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر کسی کے خلاف کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے اور نہ ہی اس طرح کی باتیں درست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں میں مسائل کے حوالے سے آگاہ ہے تاہم راتوں رات مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ پہلی ترجیح توانائی کی تھی جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔