سرینگر/نئی دہلی (آئی این پی) پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو 25جون کوافطار پارٹی پر مدعو کرلیا جس پر بھارتی میڈیا سیخ پا ہوگیا اور اس نے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کردیا۔ منگل کوبھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو 25جون کوافطار ڈنر پر مدعو کرلیا ہے ۔بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق حر یت کانفرنس کے ترجمان ایاز اکبر نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے25جون کو نئی دہلی میں افطار پارٹی کا ایک دعوت نامہ موصول ہوا ہے ۔انکا کہنا تھاکہ پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے تقریبا 30حریت رہنماؤ ں کو افطار پارٹی میں مدعو کیا گیا ہے جس میں سید علی شاہ گیلانی،اشرف صحرائی ،شبیر شاہ اور نعیم خان بھی شامل ہیں۔میر واعظ عمر فاروق ،مولانا عباس انصاری اور عبدالغنی بٹ کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔جے کے ایل ایف کے ترجمان کا کہنا ہے پاکستانی ہائی کمیشن نے افطار پارٹی میں یاسین ملک کو بھی مدعو کیا ہے ۔دریں اثناء وزیراعظم کے دفتر میں ریاستی وزیر جتیندر سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس حوالے وزارت خارجہ ردعمل ظاہر کرے گی ۔دوسری جانب پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے حریت رہنماؤں کو افطار پارٹی کی دعوت دیئے جانے پر بھارتی میڈیا سیخ پا ہوگیا اور اس نے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کردیا۔