کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، تیز ہواؤں کی صورت میں بڑے سائن بورڈ حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، لیکن انتظامیہ ابھی تک جاگی نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے 21جون کے بعد کراچی میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، لیکن انتطامیہ کے کان پر ابھی جوں تک نہ رینگی، شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر لگے بڑے بڑے سائن بورڈ تیز ہواؤں کی صورت میں حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔شہر کی کوئی سڑک ایسی نہیں ہے، جو سائن بورڈ سے خالی ہو، پیسوں کیلئے چھوٹی چھوٹی جگہ پر بھی سائن بورڈ نصب کردیئے گئے ہیں۔ ماضی میں تیز ہواؤں سے سائن بورڈز گرنے سے متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔حادثے کے بعد افسوس اور مذمت کرنے والی انتطامیہ پہلے ہی اقدامات کرلے تو نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔