اسلام آباد(این این آئی)سیکیورٹی ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر زیر تعمیر گیٹ کو افغان فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے میجر علی جواد کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بارڈر کراس آنے والوں کی سفری دستاویزات کو مکمل طور پر چیک کیا جائے گا اور صرف ان ہی افراد کو طورخم کے راستے پاکستان میں داخلے کی اجازت دی جائے گی، جن کی سفری دستاویزات مکمل ہوں گی۔ادھر ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بھی طورخم بارڈر پر آمدورفت بحال ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ آج صبح پاک افغان حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صرف قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان میں داخلے کی اجازت ہوگی۔یاد رہے کہ رواں ماہ 12 جون کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی بارڈر طورخم پر گیٹ کی تعمیر کی وجہ سے شدید جھڑپ ہوئی تھی۔