واشنگٹن(این این آئی)امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستانی امداد میں کمی کی 2 ترامیم کو منظور کرنے سے انکار کردیا۔کانگریسی عہدیدار ٹیڈ پوئے اور تلسی گبراڈ نے ایوان میں دفاع سے متعلق ایکٹ برائے 2017 پر بحث کے دوران کولیشن سپورٹ فنڈ (سی ایس ایف) میں سے پاکستان کی 90 کروڑ ڈالر امداد کو 70 کروڑ ڈالر کرنے کے حوالے سے ترمیم پیش کی۔کانگریس کی ایک اور قانون ساز ڈانا روہراباچر نے پاکستان کیلیے کولیشن سپورٹ فنڈ کو ختم کرنے کیلئے بھی الگ ترمیم پیش کی۔اس سے قبل مئی میں امریکی ایوان نمائندگان کی جانب سے پاکستان کو آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ کے ساتھ سی ایس ایف فنڈز کی مدد میں 90 کروڑ ڈالر امداد دینے کی تجویز دی گئی تھی تاہم ایوان نے حالیہ دونوں ترامیم منظور کرنے سے انکار کردیا۔ٹیڈ پوئے اور تلسی گبراڈ کی جانب سے پیش کردہ ترامیم کو 230 میں سے 191 جبکہ ڈانا روہراباچر کو 336 میں سے 84 ووٹ سے شکست ہوئی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی سینیٹ نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاری کوششوں کے حوالے سے 80 کروڑ ڈالر امداد کیلئے نئے فنڈ کے قیام کی تجویز منظور دی تھی، جس کے اجراء سے پاکستان کا افغانستان میں جاری جنگ سے تعلق ختم ہوجائے گا اور فنڈز کے اجرا کو پاکستان کی اندرونی سلامتی و استحکام سے جوڑا جائیگا