اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون متحد ہے ٗ سازیوں کی پیشن گوئیاں غلط ثابت ہونگی ٗ طاہر القادری ماڈل ٹاؤن واقعہ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں ٗکامیاب نہیں ہونگے ۔ ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پر طاہر القادری کے دھرنے کا کوئی اثر نہیں پڑتا وہ ایک سال بعد پاکستان آ جاتے ہیں اور تماشا لگاتے ہیں جس کے بعد چلے جاتے ہیں انہوں نے کہاکہ طاہر القادری ماڈل ٹاؤن واقعہ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں تاہم انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان سڑکوں پر رہتے ہیں ، ملک دوست پالیسوں کی مخالفت کرنا ان کا مقصد ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن )متحد ہے ۔قومی اسمبلی میں کورم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ممبران عبادت میں مصروف رہتے ہیں اسلئے بعض اوقات کورم کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے ۔