کراچی(نیوز ڈیسک) برآمدات میں اضافے کے لئے آئندہ مالی سال حکومت چار ممالک سے آزارد تجارتی معاہدے کرے گی ، وزارت تجارت کے حکام کے مطابق معاہدوں سے برآمدات میں اضافہ ہو گا ۔ملکی برآمدات میں مسلسل کمی کے باعث مالی سال 17-2016 میں حکومت مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدوں کا ارادہ رکھتی ہے ۔ ان تجارتی معاہدوں میں سے چار آزاد تجارت کے معاہدے بھی کیے جائیں گے ۔وزات تجارت کے حکام کے مطابق آزاد تجارتی معاہدے تھائی لینڈ، ترکی، جنوبی کوریا اور ایران کے ساتھ ہونگے ۔ معاہدوں سے پاکستانی مصنوعات کو نئی مارکیٹوں تک رسائی ملے گی جبکہ آزاد تجارتی معاہدوں کے بعد مقامی صنعتوں کومصنوعات کے معیار میں مزید بہتری لانا ہو گی ۔واضع رہے کہ رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں ملکی برآمدات 12 فیصد کمی سے 21 ارب 85 کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات 41 ارب 45 کروڑ ڈالر رہی ۔ اس طرح جولائی سے مئی کے دوران تجارتی خسارہ 19 ارب 59 کروڑ ڈالر رہا ۔