گوجرانوالہ (نیوز ڈیسک) بسمہ اللہ کالونی میں محنت کش شوہر نے بیوی کی جانب سے عدی کی تیاری کے لیے رقم کے تقاضے پر خود کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگالی۔اطلاعات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے بسمہ اللہ کالونی کا رہائشی عابد محنت مزدوری کرکے اپنے گھر والوں کا پیٹ پالتا ہے ٗتنگدستی کے باعث عابد کی اپنی بیوی سے اکثر لڑائی رہتی تھی، گزشتہ روز بھی عابد کی بیوی نے اس سے عید کی تیاری کیلئے رقم کا تقاضا کیا تو دونوں کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوگئی۔ عابد بیوی کے طعنوں سے اس قدر تنگ ہوا کہ اس نے پیٹرول چھڑک کر اپنے آپ کو ہی آگ لگالی۔عابد کو تشویش ناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے تاہم ڈاکٹروں نے کہاکہ عابد کے جسم کا 60 فیصد حصہ جل چکا ہے، اس کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے تاہم طبی عملہ اور ماہرین اس کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔دوسری جانب ہسپتال میں زیرعلاج عابد نے اپنے بیان میں کہا کہ بیوی 2 دن سے عید کی شاپنگ کے لئے 15 ہزار روپے مانگ رہی تھی ٗ میرے پاس محض 2 ہزارروپے ہی تھے جو بیو ی کو دے دیئے تھے۔