بارسلونا: زندگی کے تلخ و شیریں حقائق کا اظہار الفاظ کے ذریعے ہی ہوتا ہے اور کسی خطے کی زبان اس کے باسیوں کے جذبات کی عکاس بھی ہوتی ہے۔
سائنسدانوں نے اسی موضوع پر تحقیق کرتے ہوئے یہ دریافت کیا ہے کہ ہسپانوی زبان دنیا کی شیریں اور مسرور ترین زبان ہے جس کا مطلب ہے کہ اسپین کے لوگ صرف میٹھے الفاظ سب سے زیادہ بولتے ہیں بلکہ پیار کے اظہار اور محبت بانٹنے میں بھی سرفہرست ہیں۔
یہ دلچسپ حقائق یونیورسٹی آف ورمان کے سائنس دان ڈاکٹر پیٹر ڈاڈز کی سائنسی تحقیق میں سامنے آئے ہیں۔ ڈاکٹر پیٹر نے گوگل بکس، ٹوئٹر، فلموں، ٹی وی پروگراموں، گانوں اور اخبارات وغیرہ سے مختلف زبانوں کے اربوں الفاظ کمپیوٹر سسٹمز کے ذریعے اکٹھے کر کے ان کا تجزیہ کیا۔ اس تحقیق میں ہسپانوی، چینی، انگریزی، فرانسیسی، پرتگالی، عربی، انڈونیشیائی، کورین، روسی اور جرمن زبان کے الفاظ کا تجزیہ کیا گیا۔ ’’جھوٹ ‘‘ اور ’’رونے‘‘ جیسے الفاظ کو منفی جب کہ ’’محبت‘‘ اور ’’خوشی‘‘ جیسے الفاظ کو مثبت شمار کیا گیا۔