اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) افریقی ملک نمیبیا میں ہیرے تلاش کرنے والی کمپنی نے اتفاقیہ طور پر 500 سال پرانے بحری جہاز کا ڈھانچہ دریافت کرلیا جس میں سونے، چاندی کے سکے، ہاتھی دانت اور دیگر نوادرات دریافت کیے ہیں جن کی مالیت سوا کروڑ امریکی ڈالر یا ایک ارب پاکستانی روپے سے زائد ہے۔اس پرتگالی بحری جہاز کا نام دی گْڈ جیسس تھا جو 1533 میں لزبن سے سے ہندوستان کی جانب روانہ ہوا تھا لیکن راستے میں ہی غائب ہوگیا تھا۔ یہ جہاز نمیبیا ساحل کے پاس کھارے پانی کی ایک جھیل میں آکر پھنس گیا تھا جہاں سیکڑوں سال کی گردوغبار کے نیچے رہ کر اوجھل ہوگیا تھا۔پہلے ماہرین کو جہاز سے دھاتوں اور لکڑی کے چند ٹکڑے ملے اور کھدائی کے 6روز بعد جہاز کی باقیات نظر آئیں جو سونے اور چاندی کے سکوں سے بھری ہوئی تھی۔ اسے تاریخ میں دریافت ہونے والے ایک غیرمعمولی بحری جہاز کا درجہ حاصل ہے اور یونیسکو کے تحت اس مقام کو بھی محفوظ شدہ جگہ کا درجہ حاصل ہے کیونکہ یہاں پہلے بھی جہاز دریافت ہوتے رہے ہیں۔جہاز میں جرمنی کا تانبہ، مغربی افریقا کے ہاتھی دانت، پرتگال اور اسپین میں ڈھالے گئے سونے اور چاندی کے سکے، برتن، ہتھیار اور کپڑے برآمد ہوئے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں