اسلام آباد(این این آئی)آل پاکستان مسلم لیگ نے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے میں بھرپورشرکت کا اعلان کردیا۔پارٹی کارکنان ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم کی قیادت میں دھرنے میں شریک ہوں گے۔جمعہ کو پارٹی راہنماؤں کاوفد قائد تحریک مولانا طاہرالقادری سے ملاقات کرے گا۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے پارٹی کارکنان کو پاکستان عوامی تحریک کے ہونے والے دھرنے میں بھرپور شرکت کے لئے ہدایات جاری کردیں۔اس مقصد کے لئے پارٹی راہنماؤں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارٹی کارکنان کو منظم کر کے جمعہ کو لاہور میں ہونے والے پی اے ٹی کے دھرنے میں شرکت کریں۔جمعہ کو مہرین ملک آدم ،صام علی دادا،فاطمہ سکندر ملہی، نوازش علی اور اے پی ایم ایل پنجاب کے دیگر راہنماؤں پر مشتمل وفد پاکستان عوامی تحریک کے قائد مولانا طاہرالقادری سے ملاقات بھی کرے گا۔اس حوالے سے ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں سرکاری سرپرستی میں بہایاگیا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ظالم حکمرانوں کو بے گناہوں کے بہائے گئے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا پڑے گا۔مظلوموں کو انصاف ملنے تک پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہیں ۔