گڑ گاؤں (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ فیس بک نے خودکشی کرنے والے آئی ٹی انجینئر کی جان بچا لی۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 32 سالہ ورون ملک نے اپنی کلائی پر کٹ لگا کر اس کی تصویر اپنے آخری خطر کے ساتھ فیس بک پر لگا دی۔ اس نے خط میں تحریر کیا کہ وہ زندگی کا بوجھ مزید نہیں اٹھا سکتا اور اپنی مرضی سے اپنی زندگی کا خاتمہ کررہا ہے اس لئے کسی اور اس کا ذمہ دار قرار نہ دیا جائے۔ فیس بکس پر یہ پوسٹ دیکھتے ہی ورون ملک کے دوستوں نے اس کی رہائش کے قریب اس وقت موجود لوگوں جن میں پولیس اور ورون ملک کا ڈاکٹر بھائی بھی شامل تھا، کو صورتحال سے مطلع کیا۔ ورون ملک کے بھائی نے فوری طور پر کرم یوگی اپارٹمنٹ میں اس کی رہائش پر پہنچ کر اسے ہسپتال منتقل کیا۔ بعد ازاں پولیس بھی ورون ملک کے فلیٹ پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق ورون ملک گزشتہ سال اپنی والدہ کے انتقال کے بعد سے مسلسل پریشان رہنے لگا تھا۔