لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب حکومت نے امپورٹڈ گاڑیوں پر لگڑری ٹیکس لگانے، شراب کی پرمٹ فیس میں 100 فیصد جبکہ پروفیشنل ٹیکس میں 50 سے 100 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اسی طرح ایک ہزار سے 1300سی سی تک گاڑیوں کے لائف ٹائم ٹوکن جمع کرانے کی صوابدیدی (آپشنل) سکیم بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے بجٹ 2016۔17ء میں ایک ہزار سی سی سے اوپر کی امپورٹڈ گاڑیوں پر 15 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک لگڑری ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شراب کے پرمٹ کی فیس ماہانہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے ماہانہ کی جا رہی ہے جبکہ پروفیشنل ٹیکس کی حد ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کی جا رہی ہے اور پروفیشنل ٹیکس کی شرح میں 50 سے 100 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔ جن میں ڈاکٹرز، میڈیکل کنسلٹنٹ، ڈینٹل سرجنز، فارماسسٹ، مختلف کمپنیوں جن کے ملازمین کی تعداد 10 سے 25 ہے، فیکٹریوں، سکول، مختلف کمپنیوں کی فرنچائزڈ پر پروفیشنل ٹیکس میں سو فیصد اضافہ ہو گا جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں دس نئے شعبوں اور سروسز کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔گاڑیوں کی بائیومیٹرک سسٹم رجسٹریشن کے لئے نادرا سے لنک کرنے کے منصوبہ کے لئے 8 کروڑ روپے رقم بھی بجٹ میں مختص کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ایک ہزار سی سی سے 13 سو سی سی تک گاڑیوں کا 25 ہزار روپے لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس جمع کرانے کی سکیم متعارف کرائی جا رہی ہے۔