اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر سیاستدان نے بڑا دعویٰ کر دیا‘ ایم کیو ایم کے سابق رہنما نبیل گبول نے کہا کہ میرے خیال میں جولائی کے بعد کافی تبدیلیاں نظر آئیں گی، جولائی کے بعد مجھے نواز شریف وزیر اعظم رہتے نظر نہیں آ رہے، سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے چلے جانے کا سبب پانامہ پیپرز بنیں گے، وزیر اعظم رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیدیں گے۔ نبیل گبول نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں زبردست فارورڈ بلاک بن چکا ہے۔ (ن) لیگ کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور گورننس کہیں نظر نہیں آ رہی۔ نبیل گبول نے کہا کہ جب وفاقی وزراء آرمی چیف سے میٹنگ کرنے گئے اس میں ان کی باڈی لینگوئج ایسی ہے جیسے انہیں اچھی خاصی ڈانٹ پڑی ہے، ان وفاقی وزراء کو ڈانٹ پڑنی بھی چاہئے کیونکہ حکومت کوئی کام کرتی نظر نہیں آ رہی۔ پاکستان اتنا پیچھے چلا گیا ہے کہ اسے دوبارہ آگے بڑھنے کیلئے ایک بار پھر کوئی عالمی ڈیل کرنا پڑے گی۔