لاہور (این این آئی )لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کاپلر گرنے سے 2مزدور نیچے دب گئے ، کرین ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ،لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مزدوروں کو نکال کر شدید زخمی حالت میں ریسکیو 1122کی مدد سے ہسپتال منتقل کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز چوبرجی چوک کے پاس لٹن روڈ تھا نے کے قریب اونج لائن میٹرو ٹرین پیکج ٹو کا پلر کرین کی مدد سے کھڑا کیا جا رہا تھا لیکن اس کے نٹ بولٹ ڈھیلے تھے۔ڈرائیور نے مزدوروں کو آوازیں دیں کہ پلر گرنے والا ہے سائیڈپر ہو جاؤ لیکن وہ آواز نہ سن پائے اور ان پر آگرا جس کے نتیجے میں 2مزدور نیچے دب گئے ۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوری اپنی مدد آپ کے تحت مزدوروں کو پلر کے نیچے سے نکالا اور ریسکیو 1122کو اطلاع دی ۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر دونوں مزدوروں کو شدید زخمی حالت میں سروسز ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔ حادثے کے بعد کرین کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں