اسلام آباد(آن لائن) گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے نو مہینوں کے دوران ہلکی کمرشل گاڑیوں کی مقامی پیداوار میں 68.53 فیصد، کاروں کی پیداوار میں 29.73فیصد اور موٹر سائیکلوں کی پیداوار میں 17.22فیصد کا اضافہ ہواہے جبکہ ٹریکٹروں کی ملکی پیداوار میں 38.63فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال میں ہلکی کمرشل گاڑیوں کی قومی پیداوار 29ہزار 529 یونٹس تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران ملک میں 17ہزار 521 ہلکی کمرشل گاڑیوں کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔اس طرح ایل سی وینز کی پیداوار میں 69فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ملک میں تیار کی جانیوالی جپیوں اور کاروں کی پیداوار میں 23 فیصد کا اضافہ ہونے سے رواں مالی سال میں پہلے نو ماہ کے دوران ان کی پیداوار ایک لاکھ 37ہزار 688یونٹس تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے دوران کاروں اور جیپوں کی پیداوار ایک لاکھ 6ہزار 135یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی اسی طرح موٹر سائیکلوں کی قومی پیداوار گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران 12لاکھ 91ہزار194یونٹس سے بڑھ کر 15لاکھ 13ہزار 571یونٹس تک پہنچ گئی۔موٹر سائیکلز کی پیداوار میں 17فیصد سے زائد کااضافہ ہواہے۔پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران ٹریکٹروں کی قومی پیداوار میں 38.63 فیصد کی کمی ہوئی ہے اور ان کی پیداوار رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 21ہزار 942یونٹس تک کم ہو گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 35ہزار 753یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔