چیچہ وطنی میں دلہن کیلئے نقلی زیورات لانے پرلڑکی والوں نے دلہا اور باراتیوں کو یرغمال بنا لیا،طلاق نامے پر دستخط،کھانے کی رقم اور جہیز کی واپسی پر یرغمالی دلہا اور اسکے ساتھیوں کو آزادکیا گیا،ذرائع کے مطابق میاں چنوں کی نواب کالونی سے ایک بارات وارڈنمبر20محمد آباد کے رہائشی منظور احمد کی بیٹی کو بیاہنے کیلئے چیچہ وطنی آئی،نکاح کے بعد جب باراتیوں اور دیگر مہمانوں نے کھانا کھا لیا تودلہن کیلئے لائے گئے پانچ تولے کے طلائی زیورات نقلی ہونے کا انکشاف ہوا جس پر لڑکی والوں نے دلہا طارق حسین اور باراتیوں کو یرغمال بنا کر گھر میں بند کردیا اورطلاق نامے پر دستخط،کھانے کی رقم کی ادائیگی اور جہیز کے سامان کی واپسی تک انہیں آزاد کرنے سے انکار کردیا، مقامی معززین کی مداخلت پر دلہا والے لڑکی والوں کی شرائط پوری کرنے پر آمادہ ہوگئے جس پر بیچارے دلہا نے اپنی دلہن کے طلاق نامے پر دستخط کردئیے اور کھانے کی رقم موقع پر ادا کردی گئی ،جہیزکا سامان جو شادی سے ایک روز پہلے ہی بھیج دیا گیا تھا واپس ملنے پر دلہا اور باراتیوں کو واپس گھر جانے کی اجازت دیدی گئی،پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی والوں کی جانب سے دلہاوالوں کیخلاف دھوکہ دہی کی درخواست دی گئی تھی تاہم فریقین میں مصالحت ہوجانے کے باعث کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔